ٹِک ٹاکر کو تھانے میں ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا

رئیس جعفر نامی ٹِک ٹاکر کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے تھانے میں ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا۔

کورنگی سے تعلق رکھنے والے ٹِک ٹاکر رئیس جعفر کو گاڑی کےکاغذات نہ ہونے پر حراست میں لینے کے بعد شاہ فیصل کالونی کے تھانے میں منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس نے ٹِک ٹاکر کو حراست میں لینے کے بعد اس کے گھر والوں سے رابطہ کرکے گاڑی کےکاغذات تھانےمنگوائے تھے۔

اس دوران موقع پاکر ٹِک ٹاکر نے تھانیدار کی کرسی پر بیٹھ کر ایک وڈیو بنالی جوکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ٹِک ٹاکر رئیس جعفر کو دوبارہ حراست میں لیا اور پھر معافی مانگنے پر رہا کردیا۔

ٹِک ٹاکر کی پولیس سے معافی مانگتے ہوئے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔