عمران خان نے جو پنگا لیا ہے اس سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے: ریحام خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب جو پنگا لیا ہے اس سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کے دوران ریحام خان نے پی ٹی آئی کے غول درغول پارٹی چھوڑ جانے والے کارکنوں سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جو انسان لوگوں کو استعمال کرنے کے بعد انہیں اپنے مفاد کیلئے چھوڑدے تو ایسے شخص کو جب لوگ اکیلا چھوڑدیں تو اسے حیرت نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی چھوڑنے والے وہ لوگ تھے جو ہوا کے جھونکے سے عمران خان کی پارٹی میں آئے تھے اور ہوا کے جھونکے سے ہی چھوڑ کر چلے گئے، عمران خان کی سیاست کا مستقبل اب آگے نظر نہیں آتا ہے۔

عمران خان کی سیاست کا مستقبل اب آگے نظر نہیں آتا ہے: سابق اہلیہ

ریحام خان نے کہا کہ ہم بہت سی چیزیں معاف کرسکتے ہیں لیکن جب شہداؤں کی ماؤں کے احساسات کو ٹھیس پہنچائی جائے تو اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا، یہ اللہ پاک کا کام تھا کہ جناح ہاؤس پر حملے کے ساتھ اس جماعت کی اصلیت کھل گئی کہ کس طرح اس نفرت کی آگ کے ذریعے ہمارے ملک کو جلایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ جو لیڈر اپنے سپورٹر کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا، جو سپورٹر آپ کیلئے قربانی دے اور آپ اسے پہچاننے سے انکار کردیں، عمران خان سے متعلق جو کچھ میں نے ایک سال پہلے کہا تھا اس کی نشاندہی ہوگئی، اسے کرما بھی کہہ سکتے ہیں، میں نے پچھلے سال ہی کہہ دیا تھا کہ عمران نیازی کی سیاست ختم ہوچکی ہے لیکن میری نشاندہی اتنی جلدی سچ ثابت ہوجائے گی اندازہ نہیں تھا۔

اب عمران خان کا احتساب شروع ہوچکا: سابقہ اہلیہ

ریحام خان کا کہنا تھا کہ جب انسان تکبر اور انا میں فیصلے کرے تو وہ غلط فیصلے کرتا ہے، میرے نزدیک عمران خان نے سیاسی خودکشی کرلی ہے، عمران خان کی سیاسی فطرت بھی یہی ہے کہ یہ کسی کے صلاح مشورے کو نہیں سنتے، اب عمران خان کا احتساب شروع ہوچکا ہے جس کے پیش نظر وہ راہ فرار ڈھونڈیں گے لیکن ظاہر ہے وہ نہیں دکھائے دیتا جس کے بعد اب وہ معذرت ہی کریں گے ، عمران خان نے اب جو پنگا لیا ہے اس سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن دکھائی دیتا ہے ۔