اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی سعودی عرب کا دورہ کریں گی

اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی آئندہ اتوار کو سعودی عرب کا دورہ کریں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق جارجیا میلونی کا یہ سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے، وہ سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گی۔

اس ملاقات میں سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان مشترکہ تعاون کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 1932ء سے قریبی تعلقات قائم ہیں، اٹلی سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا۔

اٹلی نے جدہ میں قونصل خانہ بھی کھولا تھا اور 1933ء میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق 2023ء میں اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

دونوں ممالک کی قیادتوں کے درمیان سیاسی تعلقات اور بات چیت کا سلسلہ باہمی دوروں اور دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ملاقاتوں کے ذریعے جاری رہتا ہے۔