اٹلی:طوفانی بارشوں کے سبب دریاؤں میں طغیانی،13 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر

اٹلی میں طوفانی بارشوں کے سبب 20 سے زائد دریاؤں میں طغیانی آگئی جس سے 13 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں طوفانی بارشوں کے سبب 20 دریا میں طغیانی آگئی جس سے کئی شہروں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کی وجہ سے اٹلی کے شمالی علاقے ایمیلیا روماگنا، بولوگنا، ریوینا، ایمولا سمیت اور دیگر علاقے بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں ۔

انتظامیہ کے مطابق قدرتی آفت کی وجہ سے 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 13 ہزار کے قریب لوگ اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔

دوسری جانب بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس سے کئی دیہاتوں میں کیچڑ اور پانی جمع ہوگیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ فائر فائٹرز کی مدد سے شدید متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ قدرتی آفت کی وجہ سے ملک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔