جہانگیر ترین گروپ کےپی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں سے رابطے

جہانگیر ترین گروپ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی سے رابطے کرلیے۔

ذرائع ترین گروپ کے مطابق تحریک انصاف کے متعدد رہنما جہانگیرترین گروپ میں شمولیت کیلئے رضامند ہیں اور حالیہ دنوں میں جہانگیر ترین نے 100 سے زائد رہنماؤں سے رابطے اور ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع ترین گروپ نے بتایا کہ فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے بھی کئی رہنما جہانگیرترین گروپ سے رابطے میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو تین روز میں پی ٹی آئی چھوڑنے والےجہانگیرترین کے ساتھ چلنے کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع جہانگیر ترین کے مطابق فواد چوہدری نے جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔

شیریں مزاری، فواد چوہدری، علی زیدی اور عمران اسماعیل سمیت کئی رہنما پارٹی اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔