جنت مرزا نے بشریٰ انصاری سے صلح کی تصدیق کر دی

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا نے شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سے صلح کی تصدیق کر دی۔

حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے 22 ملین سے زائد فالوورز کی حامل ٹک ٹاکر جنت مرزا نے شوبز کیریئر سمیت دیگر امور پر کھل کر بات کی۔

جہاں انہوں نے پیشکش ہونے والے پروجیکٹس اور انہیں قبول نہ کرنے کی وجہ بتائی وہیں انہوں نے کچھ عرصہ قبل اداکارہ بشریٰ انصاری اور ایمن خان کے ساتھ پیش آنے والے تنازع پر بھی بات کی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی اور بشریٰ انصاریٰ کی صلح ہوگئی ہے، حال ہی میں ان سے ایک پروگرام میں ملاقات ہوئی جہاں ہم دونوں نے گلے ملکر تمام گلے شکوے دور کرلیے۔

ٹک ٹاکر نے کہا کہ میری دو دن پہلے بشریٰ انصاری سے ملاقات ہوئی، میں نے انہیں سلام کیا، پہلے تو وہ چلی گئیں، لیکن وہ دوبارہ میرے پاس آئیں اور مجھے پہچان کر گلے لگایا، انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان جو کچھ ہوا اس کے لیے مجھے افسوس ہے۔

جنت مرزا نے بشریٰ انصاری کے بارے میں مزید کہا کہ وہ اتنی اچھی خاتون ہیں، انہوں نے اس بات کو اتنی اچھی طرح سے سنبھالا۔ اب ہم دونوں کے درمیان سب ٹھیک ہے۔

یاد رہے کہ جنت مرزا نے ایک پروموشن ویڈیو بنائی تھی جس میں اُنہوں نے ایک نجی برانڈ کا لباس زیب تن کیا تھا اور ایک چین پہنی تھی جس پر عیسائی مذہب کا نشان بنا ہوا تھا جو وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد ایک جانب عیسائی برادری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ٹک ٹاک اسٹار نے اُن کے مذہب کی توہین کی ہے اور اُن کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔

دوسری جانب سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے جنت مرزا کی مذکورہ وائرل تصویر اور مقدمے کی کاپی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی اور اس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ان جاہل اسٹارز پر افسوس ہے جنہیں نہ اسلام کا علم ہے اور نہ دوسرے مذہب کا‘۔