جو بائیڈن کا اسپیشل کونسل رابرٹ ہر کوانٹرویو

دفتر سے خفیہ دستاویز برآمد ہونے کے معاملے پر امریکا کے صدر جو بائیڈن کو اسپیشل کونسل رابرٹ ہُر کو انٹرویو دینا پڑگیا۔

صدر بائیڈن کا اس معاملے پر انٹرویو ایسے وقت کیا گیا ہے جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اسی نوعیت کی تحقیقات کا سامنا ہے۔

جوبائیڈن کے نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویز امریکی صدر کے واشنگٹن میں نجی دفتر اور ڈیلوئیر میں گھر سے ملے تھے جن کے بارے میں اسپیشل کونسل کئی ماہ سے اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

امریکی صدر نے اس معاملے پر انٹرویو اتوار اور پیر کے دوران وائٹ ہاؤس میں دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے صدر بائیڈن کے انٹرویو دینے کی تصدیق کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ صدر سے پوچھا کیا گیا اور انہوں نے جواب کیا دیے۔

اسپیشل کونسل اس معاملے پر وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت کئی دیگر سینئر عہدیداروں کے بھی انٹرویو کر چکے ہیں۔