جونیئر ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونیوالا میچ ایک ۔ ایک کی برابری پر ختم

اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونیوالا میچ ایک ۔ ایک کی برابری پر ختم ہوگیا۔

گروپ بی میں شامل روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ثابت ہوا، دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور دونوں ہی نے اچھے مووز بنائے۔

میچ میں پہلی کامیابی انڈیا کو 24 ویں منٹ میں ملی جب شردآنند تواری نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا بھارت کی یہ برتری 44 ویں منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کردیا۔

پاکستان کو اس کے بعد برتری کا موقع ملا مگر گرین شرٹس اس سے مستفید نہ ہوسکے اور ایک ۔ ایک کی برابری پر مقابلہ ختم ہوا۔ پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ جاپان کیخلاف پیر کو کھیلے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، بھارت کے بھی 7 پوائنٹس ہے تاہم بھارت کا گول ڈیفرنس 20 جبکہ پاکستان کا گول ڈیفرنس 23 ہے۔