کامران ٹیسوری کاعمران خان کی سیاست پر تاحیات پابندی کا مطالبہ

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سیاست پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کردیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہورمیں جناح ہاؤس کا دورہ کیا، اس دوران میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ عمران خان کافی عرصے سے معصوم لوگوں کو ورغلا رہے تھے، 9 مئی کا غصہ ان کی گرفتار ی کا نہیں تھا، بیرونی ایجنڈا تھا، یہ وہی غصہ ہے جو بھارت کی آنکھوں میں نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس میں مسجد سمیت ایک ایک چیز جلائی گئی، شاید پی ٹی آئی میں کوئی شہید نہیں، انہوں نے شہدا کی یادگار وں کو بھی نہیں چھوڑا، ملوث افراد کو عبرت ناک سزادی جائے۔

گورنر سندھ نے عمران خان کی سیاست پر تا حیات پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان اور دیگر جج صاحبان خود جناح ہاؤس اورشہدا کی یادگار کا وزٹ کریں، 9 مئی کو جناح ہاؤس میں فوج تھی لیکن اس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ورنہ یہ تاثر جاتا کہ بچوں اوربچیوں پر گولیاں چلائی گئی ہیں۔