کراچی :19 سالہ لڑکا گاڑی سمیت اغواء

کراچی کے علاقے احسن آباد میں 19 سال کے لڑکا کو گاڑی سمیت اغواء کر لیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اغواء کار فیملی کو گاڑی سے اتار کر نوجوان کو اپنے ساتھ لے گئے، متاثرہ خاندان کے لوگوں نے آن لائن پلاٹ بیچنے کا اشتہار دیا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مبینہ اغواء کاروں نے متاثرہ افراد سے پلاٹ کی خریداری کے لیے رابطہ کیا تھا، متاثرہ افراد جیسے ہی ملاقات کے لیے مقررہ جگہ پہنچے تو واقعہ پیش آیا۔

مغوی لڑکے کے ماموں عبداللّٰہ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھانجے کو لے جانے والے 2 افراد تھے، ملزمان نے کہا کہ ہمیں اپنی گاڑی میں پلاٹ دکھاؤ، اچھی رقم دیں گے۔

عبداللّٰہ کا کہنا ہے کہ گاڑی میرے بہنوئی کا دوست چلا رہا تھا، ملزمان نے اسلحے کے زور پر پہلے گاڑی چلانے والے کو اتارا، ملزمان نے پھر جمالی پل پر میری بہن کو اتارا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان گاڑی سمیت میرے بھانجے کو لے کر فرار ہو گئے، بھانجا او لیول کا طالب علم ہے۔