کراچی : علی زیدی کا پی ٹی آئی نہ چھوڑنے کا اعلان، آبدیدہ ہوگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

کراچی کے نجی اسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ کورکمانڈرلاہور کے گھر میں توڑپھوڑ کی گئی، ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، شہدا کے یادگار کو جلانے سے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، فوج ہم سے ہے اورہم فوج سے ہیں، اختلاف رائے توماں، باپ، بھائی بہن اور میاں بیوی میں بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ دہشتگردی تھی، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، کبھی تشدد کی حمایت نہیں کرسکتا۔

تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے گردش کرتی افواہوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری سیاسی پیدائش تحریک انصاف میں ہوئی، عمران خان کے علاوہ کسی کو سیاستدان نہیں مانتا، تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے، تحریک انصاف میری جماعت ہے، مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کرپارٹی نہیں چھڑواسکتا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما علی زیدی آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ پارٹی کے اندر سے ایسی آوازیں آتی ہیں، یہ میری جماعت ہے میں نے بنائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے درخواست دی تھی، کمرمیں چارپانچ دن سے تکلیف ہے، ڈاکٹرز نے کہا کہ میرا ایکسرے بھی ہونا ہے۔