کراچی بار ایسوسی ایشن کا مراد علی شاہ کو اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان

کراچی بار ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب آج اعزازی ممبر شپ دے دی گئی، میں تمام منتخب عہدیداران و ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز، میڈیکل سمیت دیگر معاملات پر کراچی بار کی کابینہ سے ملاقات کروں گا، آئین کی پابندی ہر کسی کا فرض ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وکلاء کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں، وکلاء کو علاج معالجے کی سہولتیں کے بارے میں متعدد اقدامات زیر غور ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وکلاء کے لیے ہاؤسنگ منصوبوں کیے لیے بھی جلد مشاورت کریں گے، وکلاء تنظیموں کے ساتھ مل کر کوشش رہے گی کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ آئین کے تحفظ و دفاع کے لیے ایگزیکٹیو، پارلیمان اور جوڈیشری حلف اٹھاتی ہے، آئین و قانون کی پابندی سب پر لازم ہے، آئین کے تحفظ کے لیے وکلاء برادری کا کردار ہمیشہ قابل ستائش رہا ہے۔