کراچی:میڈیکل سٹور پر فائرنگ ،مالک جاں بحق2 بیٹے زخمی

کراچی میں لیاری بہار کالونی میں میڈیکل سٹور پر فائرنگ سے سٹور کا مالک جاں بحق جبکہ اس کے 2 بیٹے زخمی ہوگئے۔

لیاری بہار کالونی میں نامعلوم ملزمان نے میڈیکل سٹور پر فائرنگ کی اور پیدل فرار ہوگئے۔

میڈیکل سٹور پر فائرنگ سے نور محمد نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے 2 بچے اسماعیل 11 سالہ اور شہزاد 10 سالہ زخمی ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹڈ لگتا ہے، ملزمان نے مقتول سے کوئی لوٹ مار کی واردات نہیں کی، ملزمان مقتول کے میڈیکل سٹور پر آئے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

مقتول نور محمد کے کزن میر واعظ نے بتایا کہ واقعے کے وقت علاقے کی لائٹ گئی ہوئی تھی اور دونوں بچے بھی سٹور پر ساتھ تھے۔

نور محمد کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے جبکہ اس کی بیوی رشتہ دار کی شادی میں کوئٹہ گئی ہوئی ہے۔

مقتول کئی سالوں سے کراچی میں مقیم تھا، اس کے 5 بچے ہیں جن میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

نور محمد کے کزن کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔