کراچی کے علاقے کالا بورڈ کے قریب وکلاء کا احتجاج جاری ہے، جس سے نیشنل ہائی وے کا ایک ٹریک بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق وکلاء کی جانب سے احتجاج ڈرگ روڈ سے ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر کیا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق قائد آباد سے ڈرگ روڈ آنے والا ٹریک ٹریفک کے لیے کھلا ہے، ڈرگ روڈ سے آنے والے ٹریفک کو کالا بورڈ سروس روڈ سے موڑا جارہا ہے، ٹریفک پولیس کا عملہ اطراف کی سڑکوں پر موجود ہے۔
SHO ماڈل کالونی کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں:صدر ملیر بار
اس حوالے سے صدر ملیر بار ایسوسی ایشن راؤ زاہد علی نے ’جیونیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ملیر بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کالا بورڈ پر احتجاج کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ احتجاج ایس ایچ او ماڈل کالونی کے خلاف کیا جا رہا ہے، تھانے کے عملے نے نائب صدر ملیر بار ایسوسی ایشن سے بد تمیزی کی اور انہیں دھکے دیے۔
پولیس کا مؤقف
اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، مقدمے میں شک کی بنیاد پر ایک شخص زیرِ حراست ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز رات گئے ایک وکیل تھانے میں داخل ہوا، جس نے شور شرابہ کیا، یہ وکیل زیرِ حراست شخص کو ساتھ لے جانے آیا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ زیرِ حراست شخص کو نہ چھوڑنے پر وکیل حامیوں کو بلا لایا ہے، وکیل سمیت دیگر افراد نے تھانے پر بھی رات گئے احتجاج کیا ہے۔