پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
کشمیر کونسل ای یو میں5 سے 15 دسمبر 2023 تک ‘ہفتہ کشمیر’ کا انعقاد کریگی
یورپ کے ہیڈ کوارٹر برسلز میں کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) 5 سے 15 دسمبر 2023 تک ‘ہفتہ کشمیر’ کا انعقاد کرے گی۔
اس بات کا اعلان کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے آج برسلز میں ایک بیان میں کیا۔
ہفتہ کشمیر کی تقریبات میں سیمینار، کانفرنسز، خصوصی میڈیا کانفرنس، مباحثے اور یورپی پریس کلب برسلز اور یورپی پارلیمنٹ میں تصویری نمائش شامل ہیں۔
5 دسمبر 2023 بروز منگل شروع ہونے والے ہفتہ کشمیر کے دوران یورپی حکام، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں سے بھی کئی ملاقاتیں ہوں گی۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے بتایا کہ کشمیر کونسل کے زیر اہتمام ہفتہ کشمیر کے پروگرام کئی سالوں سے منعقد کیے جارہے ہیں اور اس طرح کے پروگراموں کا مقصد مسئلہ کشمیر بشمول مظلوم کشمیریوں کے مصائب اور کشمیر کی ثقافت کی خوبصورتی کو یورپ میں اُجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اس وقت پوری دنیا میں عوام ریاستی دہشت گردی اور عام شہریوں پر مظالم کے خلاف کھڑے ہیں، ہمیں امید ہے کہ دنیا بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو روکنے پر توجہ دے گی۔
انہوں نے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین سے کہا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے جرائم کو فوری طور پر بند کرے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حق خودارادیت دے۔
علی رضا سید نے کہا کہ 1947 سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو لامتناہی مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
کشمیر کونسل ای یو کے صدر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سمیت عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کےلیے فوری ایکشن لے تاکہ متنازع سرزمین کی صورتحال کو معمول پر لایا جائے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو پُرامن ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کا استعمال کر سکیں۔