خلیل الرحمٰن قمر نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے دوسری شادی کی داستان سنا دی

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے دوسری شادی کی داستان سنا دی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں صحافی ارشاد بھٹی کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پہلی بار اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کی۔

پوڈ کاسٹ کے دوران ارشاد بھٹی نے یہ سوال پوچھا کہ کیا مشہور ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی آپ کی اپنی زندگی پر مبنی ہے کیونکہ آپ کی حقیقی زندگی میں ایسا ہوا تھا کہ آپ مری میں ایک ڈرامہ بنا رہے تھے پھر اسی ڈرامے میں کام کرنے والے اداکار کی بیوی سے آپ نے دوسری شادی کر لی تھی۔

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں یہ محض لوگوں کی قیاس آرائیاں ہیں، فیصل قریشی میرے بہت اچھے دوست ہیں اور بہت ہی زبردست اداکار ہیں۔

ڈرامہ نگار نے بتایا کہ فیصل قریشی جب میرے پاس صرف 5 سین کا آڈیشن دینے آئے تھے تو انہوں نے مجھے اپنی اداکارانہ صلاحیت سے حیران کر دیا تھا اس لیے میں نے ان کی سلیکشن کے لیے لڑائی بھی کی۔

اُنہوں نے کہا کہ فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے دوسری شادی ایک الگ کہانی ہے، وہ میں اس پوڈکاسٹ میں نہیں سنا سکتا لیکن میری وجہ سے کوئی طلاق نہیں ہوئی بلکہ جب یہ طلاق ہو رہی تھی تو میری فیصل قریشی سے لڑائی ہوئی اور میں نے اُنہیں سمجھایا کہ وہ اپنا گھر خراب نہ کریں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ میرے بہت سمجھانے پر فیصل قریشی نے مجھ سے کہا کہ آپ کے زور دینے سے زیادہ سے زیادہ یہ طلاق 6 مہینے رُک جائے گی لیکن پھر بھی ہو جائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں کونسا کوئی بہت امیر آدمی تھا کہ میرے وجہ سے کوئی عورت اپنے پہلے شوہر سے طلاق لے گی۔

ڈرامہ نگار نے کلمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ میری وجہ سے کوئی طلاق نہیں ہوئی۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ میری تو شادی سے پہلے دوسری اہلیہ سے کوئی خاص ملاقات بھی نہیں ہوئی تھی، صرف دو بار مختصر سی ملاقات ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے 2 شادیاں کی ہیں، پہلی شادی 1985ء میں اپنی کزن روبی ناز سے کی تھی اور پھر 2000ء میں اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے دوسری شادی کی تھی۔