خیبرپختونخوا پولیس کی پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے سے مدد

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے میں پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی۔

پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں پرتشدد مظاہروں میں ملوث سابق وزرا، اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی تفصیلات ایف آئی اے کو بھیج دی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ممکنہ طور پر بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے تناظر میں تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کی ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کا بارڈر اور ائیرپورٹ کے ذریعے فرار ہونے کا خدشہ ہے تاہم ایف آئی اے ملزمان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنائے گی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا میں پرتشدد واقعات میں ملوث پی ٹی آئی کے سابق وزرا اور بیشتر اراکین اسمبلی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے، گرفتاریوں سے بچنے کے لیے سابق وزرا، اراکین اسمبلی اور کارکن ملک کے دیگر علاقوں میں روپوش ہیں۔