سرکاری فلیٹ میں KPT افسر کا قتل

کراچی بندرگاہ کے قریب لالہ زار سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں کے پی ٹی کے افسر کو قتل کر دیا گیا۔

تیز دھار آلے کے وار سے کی گئی واردات گھریلو تنازعہ کا شاخسانہ بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق کیماڑی ضلع کے ڈاکس تھانے کی حدود میں مولوی تمیز الدین خان روڈ پر واقع لالہ زار سوسائٹی میں 53 سالہ عتیق الرحمن میمن ولد حاجی کریم بخش کو تیز دھار آلے کے وار سے گھر میں قتل کیا گیا۔

مقتول کے پی ٹی میں گریڈ 18 کے افسر اور ایکٹنگ منیجر اسٹور تھے۔

ڈاکس پولیس کے مطابق لالا زار میں واقع کے پی ٹی اپارٹمنٹس میں فلیٹ نمبر DL.8 میں عتیق الرحمٰن میمن، ان کی دوسری اہلیہ اور بچوں کے علاوہ پہلی متوفیہ بیوی کے 3 بچے بھی ساتھ رہائش پذیر تھے۔

متوفی اور ان کے بچوں کے درمیان گھر میں لڑائی جھگڑا ہوا اس دوران عتیق الرحمٰن میمن گردن کے بائیں تیز دھار آلہ لگنے سے ہلاک ہوئے۔

انہیں کیماڑی میں واقع کے پی ٹی اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی، بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔