کشا کپیلا کا شوہر زورآور سنگھ آہلووالیہ سے طلاق کا اعلان

بھارتی فیشن ایڈیٹر، انٹرنیٹ کی مشہور شخصیت، مزاح نگار، اداکارہ اور یوٹیوبر کُشا کپیلا نے شوہر سے طلاق کا اعلان کیا ہے۔

مزاح سے بھرپور اپنی دلچسپ ویڈیوز کے سبب سوشل میڈیا کے سب ہی پلیٹ فارمز پر بھاری فین فالوونگ رکھنے والی اداکارہ کشا کپیلا نے شادی کے 6 سال بعد شوہر زورآور سنگھ آہلووالیہ سے طلاق لے لی ہے۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس خبر کا اعلان کیا ہے۔

اداکارہ کا اپنی اس پوسٹ میں مداحوں کو بتانا ہے کہ’میں نے اور زورآور سنگھ آہلووالیہ نے مشترکہ طور پر اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ بہت مشکل تھا مگر یہی صحیح وقت ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’رشتہ توڑنا ہمارے اور ہماری فیملیز کے لیے بہت مشکل تکلیف دہ عمل تھا، بہت طویل کڑا وقت دیکھنے کے بعد اب ہمارا فوکس اپنے اس کڑے وقت سے عزت و احترام، محبت اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس صورتحال سے باہر نکلنا ہے۔‘

کشا کپیلا کا اپنی پوسٹ کے اختتام پر بتانا ہے کہ ’ہم اپنی بیٹی مایا کی دیکھ بھال کا فریضہ ایک ساتھ ادا کریں گے اور مستقبل میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کے لیے ستون کی طرح کھڑے رہیں گے۔‘