کرغزستان: بغاوت کی کوشش کے الزام میں 30سے زائد افراد گرفتار

کرغزستان میں بغاوت کی کوشش کے الزام میں 30سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کرغزستان میں ایک گروہ اقتدار پر قبضےکے لیے ملک میں فسادات پھیلانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے کرغزستان کے دورے کے چند روز بعد ہوئیں، جب کرغیز صدر صدیر جاپا روف نے یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے اپنی تیاری کا عہد کیا۔

پہاڑی ملک کرغزستان نے طویل عرصے تک ایک ایسے خطے میں رہتے ہوئے اظہارِ رائے کی آزادی کا لطف اُٹھایا جہاں کئی ممالک کے عوام کو اظہارِ رائے پر قدغن کا سامنا ہے۔

اس لیے ملک میں ہونے والی حالیہ گرفتاریوں پر این جی اوز، میڈیا اور سول سوسائٹی کے خلاف دباؤ میں اضافے کی مذمت کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ کرغزستان کے عوام نے1991ء میں سوویت یونین سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک بدعنوانی، اقربا پروری اور متنازع ووٹوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے سیاسی بحرانوں پر اپنے ملک میں 3 صدور کو مستعفی ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔