لاہور:بیٹی کو دریائے راوی میں پھینکنے کی کوشش، ڈولفن فورس نےناکام بنا دی

لاہور کے علاقہ کٹار بند روڈ پر گھریلو ناچاقی پر باپ اور کزن کی لڑکی کو دریائے راوی میں پھینکنے کی کوشش ڈولفن فورس نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دی اور لڑکی کو بچالیا۔

ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق کٹار بند روڈ پر گھریلو ناچاقی پر برکت علی نامی شخص محمد امین کے ہمراہ اپنی بیٹی کو دریائے راوی میں پھینکنے کی غرض سے لایا، شک پڑنے پر ایک سیکیورٹی گارڈ نے 15 پر کال کی۔

پٹرولنگ پر مامور ڈولفن ٹیم فوری موقع پر پہنچی اور لڑکی کو بچا لیا، لڑکی کی شناخت ثانیہ کنول کے نام سے ہوئی ہے۔

لڑکی نے انکشاف کیا کہ اس کا باپ اسے مارنے کے لیےدریائے راوی لایا تھا۔

لڑکی کا والد برکت علی اور کزن محمد امین کو حراست میں لے لیا گیا ہے، متاثرہ لڑکی اور ملزمان کو تھانہ چوہنگ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔