وکلاء الیکشن مہم میں ہیں، کیسز بھی بہت زیادہ ہیں، کیسے پیش ہوں گے:بانی پی ٹی آئی

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے کیسز اوپن اینڈ شٹ ہیں، ان کو کوئی نہیں پوچھتا، میرے کیسز کا ٹرائل روزانہ ہورہا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے وکلاء پیش نہیں ہو رہے، گواہوں پر جرح سے مسلسل التواء مانگا جا رہا ہے؟

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے بیشتر وکلاء الیکشن مہم میں ہیں، کیسز بھی بہت زیادہ ہیں، کیسے پیش ہوں گے، ہماری انسانی حقوق سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں ہے اس کو نہیں سنا جا رہا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ صدر مملکت سے انسانی حقوق کی درخواست کے بارے میں کیوں نہیں بات کر رہے؟

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عارف علوی کی کوئی نہیں سن رہا، نواز شریف مفرور ہے اس کو ریلیف پر ریلیف دیا جا رہا ہے، میں چھ ماہ سے جیل میں ہوں میری پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ہمارا حق چھینا جا رہا ہے، ہماری نمائندگی سرکاری وکیل کیسے کر سکتے ہیں۔