کھوئی ہوئی 8 لاکھ ڈالرز کی انگوٹھی ویکیوم کلینر سے مل گئی

پیرس کے ہوٹل کے کمرے میں کھوئی ہوئی 8 لاکھ ڈالرز کی انگوٹھی ویکیوم کلینر سے مل گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس کے معروف ہوٹل میں مقیم ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک کاروباری خاتون کی قیمتی انگوٹھی کھو گئی۔

خاتون نے ہوٹل کے اسٹاف پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی اطلاع پیرس پولیس کو دی۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کی 8 لاکھ ڈالرز کی انگوٹھی ان کے ہوٹل کے کمرے سے اس وقت غائب ہو گئی جب وہ شاپنگ کے لیے باہر گئی ہوئی تھیں، شک ہے کہ ہوٹل کے کسی ملازم نے انگوٹھی چوری کر لی ہے۔

پولیس نے خاتون کی شکایت پر فوری ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا اور گمشدہ انگوٹھی کی تلاش شروع کر دی۔

بعدازاں ہوٹل حکام کے مطابق ان کے سیکیورٹی گارڈز نے اس انگوٹھی کو ہوٹل میں کام کرنے والے صفائی کے عملے کے زیرِ استعمال ویکیوم کلینر کے بیگ سے تلاش کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملائیشین کاروباری خاتون اس وقت لندن میں ہیں جلد ہی انہیں مذکورہ انگوٹھی واپس کر دی جائے گی۔