ممتا کلکرنی کا شوبز کے بعد دنیاوی زندگی کو بھی چھوڑ نے کا اعلان

بالی ووڈ کی معروف سابقہ اداکارہ ممتا کلکرنی نے شوبز کے بعد دنیاوی زندگی کو بھی چھوڑ نے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 برس تک ممتا کلکرنی کے نام سے بالی ووڈ میں کام کرنے والی سابقہ اداکارہ نے اپنی زندگی مکمل طور پر روحانیت کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اتر پردیش حکومت کا کہنا ہے کہ سابقہ اداکارہ نے گزشتہ روز ہندوؤں کے سب سے بڑے اجتماع ’مہا کمبھ میلے‘ میں اپنی دنیاوی زندگی کو خیرباد کہہ دیا۔

سابقہ اداکارہ نے کنر اکھاڑہ میں سنیاس لیا اور پھر اسی اکھاڑے میں انہیں نیا نام بھی مل گیا۔

یو پی حکومت کے مطابق ممتا کلکرنی نے ’مائی ممتا نند گری‘ کی نئی شناخت سے اپنے روحانی سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ممتا کلکرنی ماضی میں بالی ووڈ کی مشہور فلموں کرن ارجن اور بازی سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔