کئی کھلاڑی حارث رؤف کے ولیمے میں شرکت نہیں کر سکیں گے

بارش اور خراب موسم کے باعث پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑی حارث رؤف کے ولیمے کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

موسم کی بدلتی صورتحال کی وجہ سے کھلاڑیوں کو اسلام آباد جانے سے روک دیا گیا ہے کیونکہ خراب موسم کی وجہ سے کراچی واپسی کی فلائٹ نہ ملی تو کھلاڑیوں کے لیے مشکل ہو جائے گی۔

قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو حارث رؤف کے ولیمے کی تقریب میں شرکت کے لیے آج اسلام آباد جانا تھا جس کے بعد کھلاڑیوں کا ہفتے کی دوپہر کراچی واپسی کا پلان تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی اسلام آباد میں بارات کی تقریب ہوئی تھی اور آج ولیمے کی تقریب ہوگی۔

دوسری جانب دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے حوالے سے کراچی میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج ٹریننگ مکمل کریں گے۔

کیمپ میں آج صرف ایک سیشن ہی ہوگا جس کے بعد پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہو جائے گا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم براستہ دبئی کل رات کولمبو روانہ ہوگی۔