مریم نواز آئے دن منصوبوں کا افتتاح کررہی ہیں یہ پیسے کہاں سے آرہے ہیں؟شوکت یوسفزئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مریم نواز آئے دن منصوبوں کا افتتاح کررہی ہیں یہ پیسے کہاں سے آرہے ہیں، وفاق ہی انہیں پیسے دے رہا ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دھمکیاں دی ہیں تو وفاق کے ساتھ مذاکرات بھی کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر اتفاق ہو جاتا ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا، قانون اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے جو نظر نہیں آرہی۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ واپڈا میٹر ریڈر نہیں رکھے گا تو کیا ہم رکھیں میٹر ریڈر ان کے لیے؟ میرے ضلع شانگلہ کے حلقے کی دس یونین کونسل میں صرف دو میٹر ریڈر ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا کہ سارا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈال دیا جائے ، خیبر پختونخوا 6300 میگاواٹ بجلی پیدا کرتا ہے اور ضرورت 2600 میگاواٹ ہے، صوبے کو کبھی 1800 اور کبھی 2000 میگاواٹ بجلی ملتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وفاق کے ذمہ 16 سو ارب روپے کے بقایاجات ہیں، وفاق ہمیں فنڈز قسطوں میں ادا کر دے، ہمیں صوبہ چلانا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ صوبے کے ہر معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، واپڈا کے لاسز کے معاملے پر ان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔