ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا، صادق آباد سے سابق ایم پی اے کے فارم ہاؤس پر بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی گئی۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا، 75 لاکھ 67 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے۔
ملتان ڈی جی خان، وہاڑی، مظفر گڑھ، رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 319 بجلی چوروں پر مقدمات درج کیے گئے۔
میپکو نےصادق آباد میں پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے ممتاز علی چانگ کے گھر بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی، سابق ایم پی اے کے فارم ہاؤس میں چوری کی بجلی سے ایک درجن سےزائد اے سی چلائےجا رہے تھے۔
ممتاز علی چانگ کا کہنا ہے کہ گھر میں نہ رہنے کے باوجود گزشتہ ماہ 97 ہزار کا بل آیا، مخالفین پیسے دے کر ان کےخلاف کارروائی کروارہے ہیں۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے بہاولپور ریجن میں کارروائی کرتے ہوئے 29 ہزار 767 ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سکھر کے مختلف علاقوں میں 500 سے زائد کنکشن منقطع کیے گئے، خيبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں 400 سے زیادہ غیر قانونی کنکشنز ہٹائے گئے، 200 کےخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) ریجن میں 2 روز میں 15 غیر قانونی ٹرانسفارمرز اتار لیے گئے، 4 ہزار 600 بجلی کنکشن منقطع کردیے گئے۔