وزیراعلیٰ سندھ سے اسپیشل اولمپکس کے کھلاڑیوں کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے برلن میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس میں سندھ کے 36 حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپیشل اولمپکس کے کھلاڑیوں کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کریں گے، سندھ حکومت اسپیشل اولمپکس کے لیے خاص گراؤنڈ تعمیر کرائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اسپیشل اولمپکس کے لیے ورلڈ کلاس اسپورٹس سہولیات فراہم کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے ایک اسپیشل اولمپک بچے سفیر عابد کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں نوکری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سفیر عابد سائیکلسٹ ہے اور آئی ٹی سیکٹر میں بہتر کام بھی کرتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ برلن اسپیشل اولمپکس میں پاکستان نے 11 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا، ان کھیلوں میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ہاکی، ٹیبل ٹینس، تیراکی اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق اسپیشل اولمپکس کے کھلاڑی گرین شرٹس میں ملبوس تھے اور مراد علی شاہ نے کھلاڑیوں سے ان کی نشست پر جا کر ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کھلاڑیوں کے لیے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

واضح رہے کہ اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم نے 10 گولڈ، 29 سِلور اور 40 کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔