بالی ووڈ اداکار وں کے ہوش اڑا دینے والے ماہانہ بجلی کے بلز

بالی ووڈ اداکار جتنا کماتے ہیں اتنا ہی اپنے لائف اسٹائل پر اُنہیں خرچ بھی کرنا پڑتا ہے جس کا اندازہ اِن کے ماہانہ بجلی کے بلوں سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔

عموماً گھروں میں بجلی کی بچت کے لیے فالتو پنکھے اور بلب بند رکھے جاتے ہیں اور صرف ضرورت کے تحت بجلی کا استعمال کیا جاتا ہے مگر بالی ووڈ ستاروں کے گھروں میں یہ رواج نہیں۔

بالی ووڈ کے نامور فنکاروں کو اپنے محل جیسے گھروں کو رات میں بھی روشن رکھنے کے لیے ہزاروں بلب، ٹیوب لائٹس جلانی پڑتی ہیں اور کیمرے چاق و چوبند رکھنے پڑتے ہیں تاکہ اُن کی شان و شوکت میں کوئی کمی نہ آئے یا چوری چکاری جیسی مشکل سے بچا جا سکے۔

ایسے میں اِن کے بجلی کے بل بھی پھر اتنے ہی بھاری بھرکم آتے ہیں جنہیں سُن کر سب کے ہوش ہی اُڑ جائیں۔

بھارتی جریدے ’فِٹ لُک‘ کے مطابق ڈمپل گرل دیپیکا پڈوکون اور اُن کے شوہر رنویر سنگھ کے گھر کے بجلی کا بل ماہانہ 15 لاکھ روپے ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون کے گھر کا بل گزشتہ سال13 لاکھ روپے تھا۔

اسی طرح بالی ووڈ کے کنگ، شاہ رُخ خان نے بجلی کے بل دینے میں بھی کنگ کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔

فٹ لُک کے مطابق کنگ خان کے گھر ’منت‘ کا ماہانہ بجلی کا بل 45 لاکھ روپے ہے جو کہ گزشتہ سال 43 لاکھ روپے تھا۔

دوسری جانب اداکار سلمان خان کے گھر کے بجلی کا بل بھی ’دبنگ‘ آتا ہے۔

سلمان خان اپنی فیملی کے ساتھ ممبئی کے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے ایک فلیٹ میں رہتے ہیں جس کا ماہانہ بجلی کا بل 25 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔

اسی طرح پٹودی خاندان کے نواب، سیف علی خان کا بجلی کا بل بھی نوابی ہے، سیف علی خان اپنے گھر کا ماہانہ بل 32 لاکھ روپے ادا کرتے ہیں جو کہ گزشتہ سال 30 لاکھ روپے تھا۔

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے گھر کا بجلی کا بل ماہانہ 11 لاکھ روپے ہے۔

بھارتی جریدے کے مطابق بِگ بی کا بجلی کا بل بھی کافی ’بِگ‘ آتا ہے۔

ممبئی کے جوہو بیچ پر واقع امیتابھ بچن کے گرانڈ بینگلو کا ماہانہ بجلی کا بل 25 لاکھ روپے ادا کیا جاتا ہے۔

اسی طرح کروڑوں دلوں میں دھڑکنے والی خوبرو اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ کا تقریباً 10 سے 12 لاکھ روپے بجلی کے بل کی مد میں ادا کرتے ہیں۔

بالی ووڈ فلمی دنیا میں بابا کے نام سے مشہور سنجے دت پالی ہل کے علاقے میں امپیریل ہائیٹس نامی اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور یہ اپنی کمائی میں سے 6 سے 7 لاکھ روپے بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں صَرف کر دیتے ہیں۔