محسن نقوی کی سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز پہنچ کر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات میں اقوام متحدہ میں امن مشن، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ امن مشن کے لیے پاکستان کے مشن کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی فورس کے یونٹ کے قیام کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، سی ٹی ڈی فورس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ خواتین پولیس افسران بہتر پولیسنگ کرتی ہیں، خواتین پولیس افسران سے متعلق بھی یقیناً غور کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے مدد کی اپیل پر پاکستانی قوم آپ کی ممنون ہے، دنیا میں امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ خصوصاً آپ کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، آپ نے ہر موقع پر امن اور دکھی انسانیت کے لیے آواز بلند کی ہے۔