ایم پی اے کے بھائی اور بھتیجے کا قتل، ملزمان کی گاڑی کی تفصیلات حاصل

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کے زیرِ استعمال گاڑی کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔

ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، لگتا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان دوسرے شہر سے آئے تھے، ملزمان نے فائرنگ سے قبل مکمل ریکی کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے روٹ اور پلان کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات ملی ہیں، ملزمان نے خیابانِ شمشیر سے گاڑی کا پیچھا کیا اور ڈیفنس فیز 7 کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ جس جگہ فائرنگ کی گئی وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں، فائرنگ کے بعد ملزمان قیوم آباد چورنگی کی طرف فرار ہوئے، ملزمان نے قتل کی واردات انجام دینے کے لیے موٹر سائیکل اور گاڑی کا استعمال کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ جس ڈبل کیبن پر فائرنگ کی گئی اس میں 6 افراد سوار تھے، 5 افراد گاڑی کے اندر اور ایک شخص گاڑی کے پیچھے بیٹھا تھا، واقعے میں 2 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی ہوئے اور 2 افراد محفوظ رہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے میں محفوظ افراد کا ابتدائی بیان لے لیا گیا ہے، واقعے کی جگہ کی جیو فینسنگ کرائی گئی ہے، واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحے کی گولیوں کے خول فرانزک کے لیے بھجوا دیے ہیں۔

ایس ایس پی اسد رضا کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ افراد نے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کرایا ہے، جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ کے بعد ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔