اسرائیل کی حمایت پر جسٹن ٹروڈو سے مسلم کمیونٹی ناراض

فلسطین اور اسرائیل کی کشیدگی کے دوران اسرائیل کی حمایت کرنے پر کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کو ٹورنٹو کی ایک مسجد میں آمد پر مسلم کمیونٹی کے غصّے کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹرنیشنل مسلمز آرگنائزیشن (آئی ایم او) کی مسجد میں کینیڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو ارکانِ پارلیمنٹ کے ہمراہ مسلم کمیونٹی سے ملنے آئے تو چند نمازیوں نے اُن کی مخالفت میں نعرے لگائے۔

وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ میں پورا سال مختلف مساجد میں جاتا رہتا ہوں، یہ بڑا مشکل وقت ہے اور میری ذمے داری ہے کہ امن، کشادگی اور احترام کو یقینی بناؤں اور لوگوں کے غم اور کرب کے جذبات کو سنوں۔

انہوں نے کہا کہ میں تقریر کرنے نہیں آیا بلکہ آپ کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں کہ آپ نے مجھے اظہارِ خیال کا موقع دیا۔

وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی تقریر کے دوران کچھ نمازی جملے کستے رہے اور امامِ مسجد اور انتظامیہ کے ممبران اُن کو سمجھاتے رہے۔

یاد رہے کہ کینیڈا غزہ کی صورتِ حال میں اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔