میرا بیٹاانڈر ریٹڈ اداکار ہے:وسیم عباس کا شکوہ

پاکستانی سینئر اداکار وسیم عباس نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بیٹا، اداکار علی عباس ’انڈر ریٹڈ‘ (کسی کی قدر یا اہمیت کو کم سمجھا جانا) اداکار ہے۔

اداکار نے حال ہی میں شو ’دی چاکلیٹ ٹائمز‘ کو انٹرویو دیا ہے۔

وسیم عباس نے اپنے بیٹے علی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں کبھی بھی علی کو کوئی سپورٹ یا سہارا نہیں دیا، اس کے باوجود علی عباس پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں ایک ’انڈرریٹڈ‘ اداکار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں ’میرا بیٹا علی کافی حد تک انڈرریٹڈ اداکار ہے۔‘

وسیم عباس نے اپنے بیٹے علی کو محنت کرنے، توجہ سے کام کرنے اور نئے رجحانات کے ساتھ اپ ڈیٹ رہنے کی اہمیت سے متعلق پیغام دیا۔

اس دوران اداکار نے اداکارہ یمنیٰ زیدی کے لیے نادیہ افغان کی جانب سے دیئے گئے پرانے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نادیہ افگن نے جو کچھ کہا وہ ان کی ذاتی رائے تھی اور کسی کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

وسیم عباس نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنقید کا رخ نادیہ افگن کی طرف نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ان کا اپنا نقطۂ نظر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معروف اداکار دلیپ کمار کے پاس بھی ایسے لوگ ہیں جو اُنہیں پسند نہیں کرتے اور یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔

واضح رہے کہ اداکار وسیم عباس ایک مقبول پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں، وسیم عباس فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کا ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

اِن کے چند قابل ذکر ڈراموں میں ’سمندر،‘ ’رات،‘ ’آشیانہ،‘ ’فیملی فرنٹ،‘ ’لنڈا بازار،‘ ’پریم گلی،‘ ’میرے ہمسفر‘ اور ’زندگی گلزار ہے‘ شامل ہیں۔

وسیم عباس معروف گلوکار، پروڈیوسر اور اداکار عنایت حسین بھٹی کے بیٹے ہیں۔

ابتدائی طور پر اُنہوں نے اپنے والد کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے تھیٹر اداکاری اور پروڈکشن میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔