نیب قانون آئین سےمتصادم ہے اس لیے پیش نہیں ہوسکتے:عمران خان

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب میں طلبی کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون آئین سےمتصادم ہے اس لیے پیش نہیں ہوسکتے۔

نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طلبی کا نوٹس دیا تھا۔

نیب طلبی کے نوٹس پر عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ ‏مختلف مقدمات میں قبل ازگرفتاری ضمانتیں کرانے کے لیےلاہور میں ہوں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 22 مئی تک مقدمات میں ضمانتیں لینے کا وقت دیا ہے۔

عمران خان نے نیب کو دیے گئے جواب میں مزید کہاکہ نیب انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کا کام غیرقانونی ہے، نیب قانون آئین سے متصادم ہے اس لیے نیب میں پیش نہیں ہوسکتا۔

مزید برآں عمران خان نے جواب میں نیب سے انکوائری رپورٹ بھیجنے کی بھی درخواست کی۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ وکلا نے عمران خان کو نیب میں ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا ، عمران خان کو وکلا کے ذریعے نیب کو 20 نکات پرمشتمل جوابات اور دستاویزات فراہم کرنےکا مشورہ دیا گیا ہے۔