نادرا اب 30 شہروں میں پاسپورٹ بھی بنائے گا

اسلام آباد: عوام کی نئی سہولت کیلئے نادرا اب 30 شہروں میں پاسپورٹ بھی بنائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئےنادرا کا 30 شہروں میں پاسپورٹ بنانے کا فیصلہ ہوا، وزیراعظم کی ہدایت پر باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس تحصیل یا سب تحصیل میں پاسپورٹ آفس نہیں وہاں نادرا پاسپورٹ بنائے گا۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب پاسپورٹ کا ایک کاؤنٹر بھی نادرا کے دفتر میں ہی موجود ہوگا، لاہور ریجن کے 12 چھوٹے شہروں اور کراچی کے 2 علاقوں میں نادرا سینٹر پر پاسپورٹ بن سکے گا، اسی طرح ملتان کے 6 ، سرگودھا کے 2، کے پی میں 4 اور اسلام آباد کے 2 نادرا سینٹرز بھی پاسپورٹ بنائے جاسکیں گے۔

دوسری جانب ڈی جی پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ نادرا دفاتر میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹر محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کنٹرول کرےگا، نادرا فی پاسپورٹ سرکاری فیس کے علاوہ ایک ہزار روپے وصول کرے گا۔

مزید برآں ڈی جی پاسپورٹ نے یہ بھی کہا کہ 10 جون سے ہر نادرا آفس میں پاسپورٹ جاری کرنے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔