پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا ایف آئی اے سائبر کرائم آفس پہنچ گئے۔
نعیم پنجوتھا کو ایف آئی اے اسلام آباد نے آج صبح 10 بجے طلب کر رکھا تھا۔
ایف آئی اے نوٹس کے مطابق نعیم حیدر کو جج ہمایوں دلاور کے خلاف جعلی سوشل میڈیا پوسٹ لگانے پر طلب کیا گیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ غیر حاضری پر سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں۔
’مجھے نہیں پتہ FIA نے کس کیس میں طلب کیا ہے‘
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے ایف آئی اے طلبی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو رہے ہیں، جو بھی سوال ہو گا بھرپور جواب دیں گے۔
نعیم پنجوتھا کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں پتا ایف آئی اے نے کس کیس میں طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمایوں دلاور کی فیس بک آئی ڈی سے متعلق بات ہے تو وہ ہم نے توشہ خانہ کیس سے جوڑے رکھا، ہمایوں دلاور نے خود اقرار کیا تھا کہ فیس بک آئی ڈی ان کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی آئی ڈی سے مواد ڈیلیٹ ہوا یا آئی ڈی ہیک ہوئی تو ایف آئی اے میں درخواست دینی چاہیے تھی۔
نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ہمایوں دلاور نے درخواست نہیں دی تو ہم نے مطالبہ کیا وہ توشہ خانہ کیس کی سماعت مزید نہ کریں۔