بجلی چوروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن اور اقدامات کے دوران مقدمات کا اندراج اور گرفتاریوں کے بعد واجبات کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یکم ستمبر سے 8 اکتوبر تک مجموعی طور پر 27381 مقدمات درج کر کے 13 ہزار 621 افراد کو گرفتار جبکہ 17.67 ارب روپے کی وصولی کی گئی۔
بجلی کی چوری کے مقدمات، گرفتاریوں اور واجبات کی ادائیگی میں لیسکو لاہور سب سے آگے ہے۔
لیسکو لاہور میں بجلی چوری کے خلاف 12 ہزار 778 مقدمات درج کیے گئے اور 4587 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور میں بجلی کے بلوں کی مد میں 4.61 ارب روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
اسی طرح گیپکو، گوجرانوالہ میں بجلی چوروں کے خلاف 1473 مقدمات درج کر کے 779 گرفتاریاں کی گئیں اور 51 کروڑ روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
فیسکو، فیصل آباد میں 2358 مقدمات درج کر کے 1932 گرفتاریاں کی گئیں جبکہ 70 کروڑ روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
آئیسکو، اسلام آباد میں 349 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 263 گرفتاریاں کر کے 38 کروڑ روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
میپکو، ملتان میں 5856 مقدمات درج ہوئے، 4688 گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ 1.90 ارب روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
پیسکو، پشاور میں بھی 3008 مقدمات درج کر کے 1017 گرفتاریاں کی گئیں جبکہ بجلی چوروں سے 3.17 ارب روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
ٹیسکو، قبائلی علاقہ جات میں 57 مقدمات درج کیے گئے، 16 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور 6 کروڑ روپے کے واجبات وصول کیے گئے۔
بجلی کی چوری کے مقدمات میں گرفتار تمام ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔