پاکستان کو مشکلات سے نکالنے سے قومی ترجیحات پر نظرثانی کی ضرورت: عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے قومی ترجیحات پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو سماجی، اقتصادی اور سیاسی مشکلات سے نکالنے کیلئے قومی ترجیحات پر نظر ثانی ناگزیر ہے، تمام اداروں کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بڑے چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ دیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سینئر آفیسرز لیڈرشپ کورس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور معاشرے سے عدم مساوات کے خاتمے کے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، غربت پر قابو پانے، معیشت کی بہتری، آبادی میں اضافے کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

9 مئی کو ہونے والے واقعات سے شدید تکلیف پہنچی، ماضی میں فیصلہ سازی میں تاخیر نے ملکی ترقی کو روکا۔ پاکستان کو دنیا میں ہونیوالی تبدیلیوں سے ہم آہنگ رہنے کیلئے تیز رفتار فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ملک اور عوام کو سائبر خطرات سے بچانے کیلئے پاکستان کو اپنی سائبر صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے، غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعلیم اور صحت مرکزی ستون ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی خدمات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جو قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے علاوہ آن لائن تعلیم اپنا کر بچوں کو تعلیم دی جاسکتی ہے۔