نیدرلینڈز: کلاس رومز میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

نیدرلینڈز نے درس و تدریس کے عمل میں خلل پیدا کرنے والی ٹیکنالوجی کی روک تھام کے سلسلے میں کلاس رومز میں موبائل فونز پر پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچ حکومت کا کہنا ہے کہ موبائل، ٹیبلٹ اور اسمارٹ واچ طلبہ کے سیکھنے کے عمل میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں، اس لئے نئے سیشن کے آغاز سے کلاس میں ان کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈچ حکومت کا کہنا ہے کہ مختلف رپورٹس کے مطابق دوران تعلیم کلاس رومز میں موبائل فونز کے استعمال سے مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں، طلبہ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت اور کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اس وجہ سے یکم جنوری 2024 سے کلاس رومز میں موبائل فونز کے ساتھ ساتھ ٹیبلیٹ اور اسمارٹ واچز کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔

ڈچ حکومت نے تمام اسکولوں کو ہدایت نامے جاری کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر تک تمام اساتذہ، والدین اور شاگردوں سے ان نئے اصولوں پر اتفاق کرنے کو کہیں۔

ڈچ وزیر تعلیم رابرٹ ڈجک گراف (Robbert Dijkgraaf) نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ یہ اقدام ثقافتی تبدیلی کا آغاز کرے گا اور سیکھنے کے عمل میں بہتری آئے گی۔