کارساز پر گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کی ہلاکت کے معاملہ میں نیا انکشاف

کراچی کے علاقے کارساز پر تین روز پہلے گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کی ہلاکت کے معاملہ میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے، خاتون نتاشا نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو بھی ٹکر ماری تھی جس کی نئی وڈیو سامنے آگئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نتاشا نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو ٹکر ماری، سفید گاڑی سامنے سے آئی تو خاتون نے اپنی گاڑی کی رفتار کو کم کیا اور پھر تیزی سے گاڑی چلا دی۔

خاتون کی گاڑی نے سفید گاڑی کے عقبی دروازے کو ہٹ کیا جبکہ خاتون نے گاڑی کے پیچھے موجود موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ہٹ کیا جس سے وہ موٹر سائیکل سمیت گر گئے۔

خاتون تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئی، واقعہ کے بعد وہاں موجود شہریوں اور سیکورٹی گارڈز کو جمع ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعہ کا وقت شام 6 بجکر 11 منٹ کا ہے۔

وہاں سے فرار ہونے کے بعد خاتون نے اسی روڈ پر آگے جا کر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ہٹ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون پہلے واقعہ کی وجہ سے وہاں سے فرار ہوتے ہوئے تیز گاڑی چلا رہی تھی اور اسی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ ہوا۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں متوفی کے بھائی اور متوفیہ لڑکی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔