علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم عباسی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم عباسی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

عدالت نے راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں جبکہ عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔

علاوہ ازیں انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور سماعت3 اکتوبر تک ملتوی کردی

علی امین گنڈاپور کی جانب سےحاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔

پراسیکیوٹر راجا نوید نے کہا کہ عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ پچھلی مرتبہ حاضری معافی کی درخواست دی اور جلسے میں طبیعت ٹھیک تھی۔

عدالت میں وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ عدالت آج استثنیٰ کی درخواست منظور کرے یقین دہانی کرواتا ہوں علی امین حاضر ہوں گے۔