عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر لائیو شو کے دوران رو پڑیں

لیجنڈری اداکار عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر لائیو شو کے دوران اپنی عدت کے بارے میں بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔

زرین عمر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے عمر شریف کے ساتھ گزرے اپنی زندگی کے 20 سال کے خوشگوار سفر کے بارے میں گفتگو کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد سے میری زندگی صرف عمر کےگرد ہی گھومتی رہی کیونکہ میں نے کبھی کسی اور چیز کے بارے میں نہیں سوچا۔

اُنہوں نے اولاد نہ ہونے کے بارے میں کہا کہ میں نے اس موضوع کے بارے میں کبھی تفصیل سے بات نہیں کی، میں صرف اتنا کہوں گی کہ یہ اللّٰہ کی طرف سے منظور نہیں تھا کہ میری اولاد ہو۔

زرین عمر نے کہا کہ میں جانتی تھی کہ عمر کی پہلی شادی سے بچے ہیں اور میں نے اپنے بہن بھائیوں کے بچوں کو اپنے بچوں کی طرح ہی پالا ہے تو وہ پالنے والی بھی ماں ہی ہوتی ہے اس لیے مجھے کبھی اولاد کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔

اُنہوں نے روتے ہوئے بتایا کہ میرے لیے عدت کے دوران اپنے کمرے میں جانا بھی بہت مشکل تھا اس لیے میں لاؤنج میں ہی رہتی تھی کیونکہ مجھے ایسا لگتا تھا کہ عمر ابھی بھی وہیں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ اکتوبر2021ء میں طویل علالت کے بعد عمر شریف کا جرمنی میں انتقال ہوگیا تھا۔