عمران خان کو 16 ایم پی او اور دیگر مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم نامہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 16 ایم پی او اور دیگر مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں عمران خان کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض 17 مئی تک ضمانت منظور کی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جب بلایا جائے عمران خان شامل تفتیش ہوں۔

حکم نامے کے متن کے مطابق وکیل نے بتایا عمران خان کی زندگی کو سنگین خطرات ہیں، ان سے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت عمران خان کو سکیورٹی فراہم کی جائے اور عمران خان آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔