پاکستان میں جاپان اور جنوبی کوریا سے بھاری سرمایہ کاری ہو سکتی ہے:سید فیروز عالم شاہ

سرمایہ کاری کے شعبے میں تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی شخصیت سید فیروز عالم شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جاپان اور جنوبی کوریا سے بھاری سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔

’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں تاحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہت زیادہ سازگار نہیں ہے لیکن ماحول سازگار بنا کر جاپان سے 1 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومت نے جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے کراچی میں خصوصی اکنامک زون قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے حکومت پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچا سکی۔

اُنہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جاپانی سرمایہ کاروں پر کراچی میں خودکش حملہ ہوا جس کے ماسٹر مائنڈ بھی تاحال گرفتار نہیں ہو سکے جبکہ بہت سارے مزید تکنیکی مسائل ہیں جن کی بدولت پاکستان میں نئی سرمایہ کاری نہیں آ پا رہی۔

سید فیروز عالم شاہ نے کہا کہ اس وقت پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع ہیں کہ وہ اپنی اشیاء جاپان میں متعارف کروا کر بھاری نفع حاصل کر سکتے ہیں تاہم اس کے لیے پاکستانی اشیاء کے معیار کو جاپان کی مارکیٹ کے حساب سے بہتر کرنا ہو گا۔

اُنہوں نے حکومت کی جانب سے تمغۂ امتیاز عطاء کرنے کے حوالے سے کہا کہ حکومت کا شکر گزار ہوں جس نے میری خدمات کا اعتراف کیا۔

سید فیروز عالم شاہ نے کہا کہ میں بطور ایڈوائزر بورڈ آف انویسٹمنٹ اپنے مشوروں سے حکومت کو آگاہ کرتا رہتا ہوں، امید ہے کہ میرے مشوروں پر اگر خلوص کے ساتھ عمل درآمد ہو تو پاکستان میں جنوبی کوریا اور جاپان سے بھاری سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سید فیروز عالم شاہ گزشتہ 40 سال سے دنیا بھر سے پاکستان میں سرمایہ کاری لا رہے ہیں اور اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔