پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان سے پاکستان ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر کی ملاقات

یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان سے پاکستان ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان میں ڈیری اور مقامی کیٹل فارمرز کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

شاکر عمر نے سفیر پاکستان کو پاکستانی فارمرز کی ضروریات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی یونین سے پاکستان میں بریڈ چینج اور دودھ کی کوالٹی کی مشینری حاصل کرنے میں تعاون حاصل کرنے میں کردار ادا کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں لوکل بریڈ کی پیداوار بوجوہ انتہائی کم رہ گئی ہے اور ہم اپنی مقامی ضروریات کو بھی پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلیں خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔

دوسری جانب انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے چھوٹے ڈیری فارمر کو استحصال سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ اسے خشک دودھ مافیا سے بچایا جائے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے شاکر عمر گجر کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو نہ صرف حکومت تک پہنچائیں گے بلکہ پاکستانی فارمرز کیلئے یورپی یونین سے جو تعاون بھی ممکن ہوگا اسے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ملاقات میں برسلز میں تعینات ٹریڈ سیکریٹری رانا بلال خان اور محمد انیس بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس کی دعوت پر برسلز آئے تھے۔