پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ بلآخر یوٹیوب پر ریلیز کر دی گئی

2020 میں ریلیز کے اعلان اور 2019 میں ٹریلر جاری ہونے کے باوجود مختلف تنازعات کے باعث تاحال ریلیز نہ ہونے والی پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ بلآخر یوٹیوب پر اب سے چند منٹ قبل ریلیز کر دی گئی۔

معروف فلمساز، اداکار اور ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم پر ملک بھر میں مذہبی حلقوں کی جانب سے مخالفت کے سبب گزشتہ 3 سال سے پابندی کا سامنا تھا۔

ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے گزشتہ روز ماضی میں فلم سے جڑے تمام تنازعات پر مٹی ڈالتے ہوئے، 14 اگست کی مبارک باد دی اور آزادی کے مہینے میں فلم ’زندگی تماشا‘ کو آزاد کرنے یعنی ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے یوٹیوب پر فلم کی ریلیز کو اپنی کامیابی اور اس پر پابندی عائد کرنے والوں کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ یہ ناکامی صرف ان کی خود کی ہی نہیں بلکہ نظام کی ناکامی ہے۔

ہدایت کار کے مطابق انہوں نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے تمام انتظامی عمل اور قانونی تقاضے پورے کئے، واجبات ادا کیے، محنت سے کام کیا، تینوں سینسر بورڈز کے تینوں سرٹیفکیٹس حاصؒ کئے تاہم اس کے باوجود فلم کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری سب سے بڑی خواہش تھی کہ فلم سینما گھروں میں ریلیز کی جائے، لیکن اب فلم کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس لئے ریلیز کیا جارہا ہے تاکہ ناظرین یہ فیصؒہ کر سکیں کہ فلم دیکھے بغیر اس کے ساتھ جو زیادتی کی گئی اس کا فیصلہ کریں

انہوں نے بتایا کہ فلم کا ڈائریکٹرز کٹ ورژن یعنی بغیر سینسر کیا گیا پرنٹ ویڈیو پلیٹ فارم ویمیو پر موجود ہے۔