پاکستان کی معیشت آئی پی پیز کا معاملہ حل کیے بغیر صحیح نہیں ہوسکتی: مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت آئی پی پیز کا معاملہ حل کیے بغیر صحیح نہیں ہوسکتی، آئی پی پیز کے معاملے پر سب کو ساتھ بٹھا کر معاملہ حل کر سکتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئی پی پیز پر توقع ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے دو تین روز میں ملاقات ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بارش ہونے والی ہے اور نالوں کی صفائی ہوئی نہیں، نالوں کی صفائی بارش سے چار ماہ پہلے سے شروع ہوتی ہے، بارشوں میں نہیں ہوتی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو کراچی کو اس کا جائز شیئر دینا ضروری ہے، بلدیاتی حکومت سے متعلق ہماری ترمیم پر عملدرآمد نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں نے کنونشن میں شرکت کی اور مستفید ہوئے، نوجوان نوکری ڈھونڈے نے والوں کے بجائے جاب دینے والے بنیں، وہ اپنا بزنس کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے پوری دنیا مارکیٹ ہے اور یہاں سے بیٹھ کر سب کر سکتے ہیں، ہمیں دنیا سے کنیکٹ ہونا ہے، اگر کوٹا سسٹم ختم نہیں ہو رہا تو ہم اس طرح سے کمائیں، پاکستان کے حالات اچھے نہیں ہیں۔