پیرس: شیری رحمٰن کی پلاسٹک کی آلودگی پر کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی

موسمیاتی تبدیلی کی وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمٰن نے پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کےخاتمے کے لیے پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

کانفرنس کا انعقاد فرانسیسی حکومت کی جانب سے بین الحکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس سے پہلے کیا گیا تھا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے پائیدار پلاسٹک کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف پر روشنی ڈالی جس کا مقصد کچرے کو کم سے کم کرنا اور ری سائیکلنگ کو اجاگر کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے صحت اور ماحولیات کے حوالے سے پائیدار ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات کی۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر لیڈرشپ ڈائیلاگ سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کے خاتمے کے لیے مضبوط اور جامع ایکشن پلان پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ صرف ری سائیکلنگ اس مسئلے کاحل نہیں ہے۔

شیری رحمٰن نے کانفرنس کے موقع پر فرانس کے وزیر کرسٹووف بیخو سے بھی ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے کانفرنس کے موقع پر ناروے، ایکواڈور، رومانیا اور انٹیگوا سے تعلق رکھنے والے وزرائے ماحولیاتی تبدیلی سے بھی گفتگو کی۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے پیرو سے تعلق رکھنے والے آئی این سی کے سربراہ میزا کواڈرا سے بھی ملاقات کی۔