صحافیوں ،ادیبوں اور ایڈیٹرز کے پلیٹ فارم ”پہچان“کی جانب سے ماہانہ عشائیہ میں معروف تربیت کار قاسم علی شاہ نے کہا کہ زندگی ایک خوبصورت احساس ہے لہٰذا اسے ہلکے پھلکے انداز میں لینا چاہیے ۔
دکھ اور آزمائش وقتی مراحل ہیں یہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ دور ہوجاتے ہیں جبکہ اگر ہم ان مسائل کے آگے بے بس ہو جائیں گے تو یہ طرز عمل زندگی کے خوبصورت لمحوں کو متاثر کردیتا ہے ۔
“پہچان” کے ماہانہ عشائیہ میں شاہد نذیر چوہدری (ملٹی میڈیا ہیڈ اردو پوائنٹ)، عدنان ملک (جیو نیوز )ضیاءالحق نقشبندی(کالم نگار روز نامہ جنگ)ذبیح اللہ بلگن(کالم نگار روزنامہ 92 نیوز)عامر ہاشم خاکوانی( کالم نگار ، میگزین ایڈیٹر روزنامہ 92 نیوز )اشرف سہیل (گروپ ایڈیٹر روزنامہ مشرق)(امجد اقبال (ایڈیٹر روزنامہ جناح ) خالد ارشاد صوفی(ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاروان علم فاؤنڈیشن) راؤ شاہد(سینئرپروڈیوسر سما نیوز )افضل عاجز(شاعر ،کالم نگار )حافظ یوسف سراج (ڈائریکٹر ریسرچ )پیغام ٹی وی ،فخرالاسلام(ڈائریکٹر نیوز پیغام ٹی وی )،پروفیسر رانا تنویر قاسم (ماہر تعلیم و کالم نگار )،نور الہدی(پی آر او ڈی جی پی لاہور) رخشان میر (اینکر پبلک نیوز) اور عبداللہ خان اینکر اردو پوائنٹ شریک تھے ۔
اس موقع پر سید قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ “پہچان “ کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے عزت دی ۔
ایک سوال کے جواب میں قاسم علی شاہ نے کہا سیاسی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔ پاکستان میں سسٹم کو درست کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور ہمارے سیاستدانوں کو اس جانب توجہ دینی چاہیے ۔
انہوں نے کہا یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ ہماری نوجوان نسل پاکستان سے باہر اپنا مستقبل دیکھ رہی ہے ، جبکہ وطن عزیز میں وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں ۔
انہوں نے کہا میرا مقصد محض اصلاح معاشرہ ہے میں مقدور بھر کوشش کرتا ہوں کہ سوسائٹی کی بہتری میں اپنا کوئی کردار ادا کرسکوں ۔
انہوں نے کہا مجھے معلوم ہے “پہچان “ کا ہر کارکن اپنے طور پر یہ فریضہ ادا کر رہا ہے ، آج سے آپ مجھے بھی “پہچان “ کا رکن سمجھیں ۔
قاسم علی شاہ نے کہا آج کل کسی کو خوشی دینا سب سے بڑی عبادت اور عمل ہے ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم خود خوش ہونا چاہتے ہیں مگر دوسروں کی خوشی کا خیال نہیں رکھتے ۔
انہوں نے کہا یہ دنیا مکافات عمل ہے جو بانٹیں گے وہی واپس آئے گا ۔ اس موقع پر قاسم علی شاہ نے “پہچان” کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پیشکش کی کہ قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن ہر ماہ “پہچان” کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا کرے گی ۔
قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن کے دروازے ہر اہل علم کیلئے کھلے ہیں ۔