پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان کی رواں ماہ سے متعلق پیشگوئی

کراچی: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے رواں ماہ سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔

ایک بیان میں منظور وسان نے کہا کہ رواں ماہ مئی کا آخری ہفتہ بڑا خطرناک نظرآرہا ہے، بہت کچھ ہونے والا ہے، عمران خان کا بظاہر کھیل ختم ہوتا جارہا ہے جب کہ پی ڈی ایم کا ارادہ تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرکے 8 اکتوبرکو الیکشن کرائے۔

انہوں نے کہا کہ اب ملک کےحالات ایسے ہیں کہ رواں سال الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، ہوسکتا ہے کہ ملک میں کولیشن حکومت بنے اور یہ بھی ہو سکتا ہےکہ آئین میں ترمیم کرکے الیکشن مزید ایک سال کے لیے آگے بڑھائے جائیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو تحمل اور تدبر کے ساتھ سوچ سمجھ کر فیصلے لینے چاہیے، عمران خان کے پاس وقت تھا مگر انہوں نے وہ بھی ضائع کردیا، پی ٹی آئی اب پہلے جیسی پارٹی نہیں رہے گی، الیکشن میں بھی چند لوگ ہی کھڑے ہوں گے۔